جھنگ‘ نارنگ منڈی‘ سانگلہ‘ بصیرپور‘ ننکانہ میں مزید اربوں کی اراضی واگزار

لاہور، سانگلہ ہل، نارنگ منڈی، بصیر پور، ننکانہ صاحب (سٹاف رپورٹر+ علاقائی نمائندوں سے) قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ 18 ہزاری سے ایک ارب 40 کروڑ دیگر علاقوں میں کروڑوں کی اراضی واگزار  کرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق اینٹی کرپشن، محکمہ مال اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ آپریشن کے ذریعے جھنگ کے علاقہ اٹھارہ ہزاری سے 2269 کنال سرکاری اراضی کو واگزار کرا لیا۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد ہونے کا دعوی کیا گیا ہے ۔ سرکاری زمین پر گجر، بلوچ اور نون برادری کے بااثر متعدد افراد عرصہ دراز سے قابض تھے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں ماڈھوکی میں ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن میں تین کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 180 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی گئی۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  اسسٹنٹ کمشنر سارا لونی کی سربراہی میں مڑھ بلوچاں روڈ پر ریلوے پھاٹک کے پاس 25 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی، اراضی کی مالیت 4 کروڑ سے زائد ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نوے کروڑ کی اراضی واگزار کرا لی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ انتظامیہ نے نارنگ منڈی کے مختلف دیہات ماڑی خورد وکلاں، چوڑا راجپوتاں وغیرہ میں ناجائز قابضین کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے گیارہ سو کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار  کروا لی ہے۔ تعمیرات مسمار کروا دیں۔ بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق بھاری مشیری کی مدد سے نواحی موضع گرووالہ میں آپریشن کر کے قابضین شاہد محمود اور محمد علی سے محکمہ انہار کا ملکیتی 2 کروڑ 88 لاکھ روپے مالیتی 96 کنال رقبہ واگزار کروا لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن