لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ (Nong Rong) نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کئی عشروں سے ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں اور پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں ترقی کے لئے چین کے اداروں کی معاونت جاری رہے گی۔ انہوں نے پاکستان میں پانی اور بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واپڈا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) سے ملاقات کی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ چینی تعمیراتی کمپنیاں واپڈاکے کئی ایک منصوبوں پر کام کررہی ہیں، جن میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بھی شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے امید ظاہر کی کہ چینی تعمیراتی کمپنیاں ان منصوبوں کو مقررہ وقت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کریں گی۔
پاکستان چین ترقی کے سفر میں عشروں سے ساتھی ہیں: نونگ رونگ
Feb 10, 2021