افغانستان میں امن سے خیبر پی کے کو فائدہ، علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا،صدر علوی

Feb 10, 2021

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے۔ کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانی پیدا کرنے کیلئے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ صدر گذشتہ روز پشاور میں کاروباری برادری کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ افغانستان میں امن سے خیبر پختونخواہ کو فائدہ اور علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ گورنر ہائوس میں تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکمل ٹیکس ادا کرنے سے تجارتی خسارہ کم ہو گا۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز ملیں گے۔ تاجر برادری ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران 1.2 کھرب روپے کا معاشی ریلیف پیکج دیا گیا۔ کاروبار کیلئے ماحول سازگار بنانے کے ضمن میں کوششیں جاری ہیں۔کاروباری برادری معاشی ترقی کو تیز کرنے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کیلئے اپنی تجاویز دے۔ ملاقات میں گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غضنفر بلور، سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر شیرباز الیاس و دیگر عہدیداران موجود تھے۔

مزیدخبریں