لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے صوبہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف بھرپور کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 20سال پرانی غیر قانونی سوسائٹیز تا حال نہ ریگولرائزہوئیں اور نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی ہوئی۔ اس حوالے سے کمیٹی غیر قانونی سوسائٹیزکی وجوہات اور نجی و سرکاری ذ مہ داروں کا تعین کرے گی۔ وزیر قانون نے آئندہ اجلاس میں پنجاب بھر کی غیر قانونی سوسائٹیز کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔وہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے تجویز دی کہ موثر کارروائی کے لیے غیر قانونی سوسائٹیزکو قوانین پر پورا اترنے والی،نہ اترنے والی اوردیگر سوسائٹیز کی کیٹیگری میں تقسیم کیا جائے اور پہلی کیٹیگری والی سوسائٹیزکو ریگولرائز کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے کی 596 غیر قانونی سوسائٹیز میں سے 246 گرین ایریا میں بنی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون بہادر علی، سیکرٹری ہاؤسنگ ظفر نصراللہ،ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ، سپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سقراط امان، سی ای او اربن یونٹ عمر مسعود اور دیگرمتعلقہ افسر بھی موجود تھے۔