لاہو ر ( کامرس رپورٹر) بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی ) نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کے منصوبہ نے محفوظ ہاؤسنگ یونٹ ، پیشہ ورانہ اور کاروباری تربیت ، فوڈبنک اور مالی خدمات تک رسائی جیسے پیکیجز کے ذریعے انتہائی غریب گھرانوں کی زندگیوں کو تبدیل کرنا شروع کردیا ہے۔کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ہبرٹ بائرارڈ کی سربراہی میں آئی ایف اے ڈی ٹیم کے کئے گئے اس منصوبے کے سروے سے اندازہ ہوتا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سات اضلاع میں رہنے والے ڈیڑھ لاکھ دیہی باشندے جنوبی پنجاب غربت کے خاتمے کے منصوبے (SPPAP) سے مستفید ہوئے ہیں۔یہ منصوبہ 195.12 ملین ڈالر کی لاگت سے 2022 میں مکمل ہونے کے قریب ہے۔ اقوام متحدہ آئی ایف اے ڈی کی مدد سے اس منصوبے کے تحت زراعت کی پیداوار میں اضافہ اور دیہی آمدنی بڑھانے پر مرکوز ہے ، اسی طرح غربت ،بھوک کا خاتمہ ، مہذب کام اور معاشی نمو کے پائیدار ترقیاتی اہداف بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ہبرٹ بائرارڈ کی سربراہی میں آئی ایف اے ڈی ٹیم کے وفد نے بہاولپور ، بہاولنگر ، ڈیرہ غازی خان ، لیہ ، مظفر گڑھ ، رحیم یار خان اور راجن پور کا بڑے پیمانے پر دورہ کیا اور اس مشکل صورتحال کے باوجود سنگ میل اور اہداف کے حصول کے لئے منصوبہ کی عمدہ کارکردگی کی تعریف کی۔ کروناکے باعث پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں حتمی میٹنگ کی۔غربت کے خاتمے کے منصوبے کے تحت ، آئی ایف اے ڈینے فوڈ بنک کا تصور پیش کیا ہے۔ ’فوڈ بنک‘ غریب گھرانوں کو فوڈ سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے مہیا کی جانے والی ایک سہولت ہے جو ایس ڈی جی 2 بھوک کے خاتمہ کا ایک اہم حصہ ہے۔