لودھراں‘ گیلے وال (خبر نگار‘ نامہ نگار) رکن صوبائی اسمبلی نذیر خان بلوچ نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ نذیر خان بلوچ نے اپنے حلقہ کے مسائل سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جلد لودھراں کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے نذیر خان بلوچ سے گفتگو میں کہا کہ لودھراں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئیے فنڈز جاری کردیے ہیں۔یہ وقت ملکر عوام کی خدمت کرنے کا ہے۔عوام کی خدمت کا مشن نئے جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔منتخب نمائندے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ نذیر خان بلوچ نے وزیر اعلی پنجاب سے گفتگو میں کہا کہ آپ منتخب نمائندوں کو عزت و احترام دیتے ہیں آپ کی جانب سے میری تجاویز کو اہمیت دینا خوش آئند ہے۔ گیلے وال سے نامہ نگار کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری برائے اسپیشل ایجوکیشن نذیر خان بلوچ نے گزشتہ روز وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی جس میں انہوں نے اپنے حلقہ 228 لودھراں کے مسائل بارے آگاہ کیا اور وزیر اعلی پنجاب سے فوری فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے نذر بلوچ کی ملاقات ‘ لودھراں کے مسائل سے آگاہ کیا
Feb 10, 2021