افضل گورو کے یوم شہادت پر مکمل ہڑتال حریت رہنمائوں کا زبردست خراج عقیدت

سرینگر  (اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں شہید کشمیری رہنما محمد افضل گورو کے 8 ویں یوم شہادت پر آج مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے دی ہے۔ سرینگر سمیت وادی کشمیرکے دیگر علاقوںمیں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف مظاہروںکو روکنے کیلئے ویرانی کا منظر پیش کرنے والی وادی کشمیر کی سڑکوں پر ہزاروں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارگشت کر رہے ہیں ۔ بھارت نے تحریک آزادی کشمیر میں کردارادا کرنے پر محمد افضل گورو کو 9فروری 2013کو اور محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984کونئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیا تھا۔ ادھر پولیس نے سرینگر اور شوپیاں کے اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت متعدد نوجوانوںکو گرفتار کرلیا۔حریت رہنماجاوید احمد میر کو سرینگر میں گھر میں نظربند کردیاگیاہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں شہید محمد افضل گورواورشہید محمد مقبول بٹ کو انکی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سینئر حریت رہنماغلام محمد خان سوپوری نے شہید محمد مقبول بٹ ، شہید محمد افضل گورو اوردیگر شہدائے کشمیر کی یاد میں ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے دونوںسپوتوں کو زبرست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہدانے جس نصب العین کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذانہ پیش کیا ہے اس کا تقاضا ہے کہ پوری قوم جدوجہد آزادی کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی اور استقامت کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداکی قربایوںکی وجہ سے آج عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کو پورے خطے کے امن اور استحکام کیلئے نا گزیر سمجھا جا رہا ہے اور پوری عالمی برادری اس مسئلے کی حساسیت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت کو اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے زوردے رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن