امریکی سینیٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی، مواخذے کی کارروائی کے حق میں 56 سینیٹرز نے ووٹ دیا، 44 ارکان نے مواخذے کی مخالفت کی جبکہ ری پبلکن پارٹی کے 6 ارکان نے بھی مواخذے کی کارروائی کے حق میں ووٹ دیا۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کیلیے سینیٹ میں کیپٹل ہل مظاہرے پر ٹرائل کا سامنا کریں گے۔ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جن کا دو بار مواخذہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے اس وقت امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل پر دھاوا بولا تھا جب جو بائیڈن کو ملنے والے الیکٹورل ووٹس کی توثیق کی جارہی تھی جبکہ واقعے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس ارکان کی مواخذے کے ٹرائل میں حلف اٹھانے اور کارروائی میں پیش ہونے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔