لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے لاہور میں پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چودہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیئرمین لاہور پارکنگ کمپنی شاہ رخ جمال بٹ نے بتایا ہے کہ پارکنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چودہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جائیں گے، پبلک انجینئرنگ، انفراسٹرکچر اور تجاوزات کا خاتمہ ان کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح ، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک، سی ٹی او کیپٹن (ر) سید حماد عابد، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سمیت دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین لاہور پارکنگ کمپنی شاہ رخ جمال بٹ نے تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے باہمی کوششوں سے شہر میں ٹریفک کا نظام درست کیا جاسکتا ہے، دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے مارکیٹوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹریفک سے متعلقہ مسائل کے فوری حل میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ملک ریاض نے بھی اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ ٹریفک کا نظام ناصرف کسی معاشرے کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اس کے صنعت و تجارت اور معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ اچھا سسٹم کاروباری لاگت میں کمی لاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کی اہم شاہراہوں میں ٹریفک جام کی ایک بڑی وجہ ان کے اطراف پر پارکنگ کی لمبی قطاریں ہیں ، پارکنگ کے مناسب انفراسٹرکچر کے نہ ہونے کے سبب شہری سڑکوں پر ہی گاڑیاں پارک کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ، یہ مسئلہ اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ تاجروں کو بھی اپنے کاروبار کو آسانی سے چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس مسئلہ کے خاتمے کے لیے پارکنگ پلازے جلد سے جلد تعمیر کیے جائیں کیونکہ شہر کے تمام اہم تجارتی مراکز مثلافیروز پور روڈ، ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، نیو انارکلی، برانڈرتھ روڈ، سرکلر روڈ، بلال گنج کباڑی مارکیٹ، بادامی باغ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، گلشن راوی، لنڈ ا بازار، اکبری منڈی، کشمیری بازار اور شالیمار لنک روڈوغیرہ کو فوری طور پر پارکنگ پلازوں کی ضرورت ہے۔ سینئر نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنوں پر پارکنگ ایریاتعمیر کیے جائیں۔ نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ اردو بازار، دہلی گیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ وغیرہ جیسے بازاروں میں اضافی ٹریفک وارڈنز کی تعیناتی سے ٹریفک کا بہاوجاری رکھنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔
پنجاب حکومت کا لاہور میں پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چودہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ
Feb 10, 2021 | 17:01