گلا سڑا نظام بدلنا ضروری،پاکستان کو لبرل نہیں بننے دیں گے:مفتی اقبال چشتی

Feb 10, 2022

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)جماعت اہلسنت پنجاب کے امیر علامہ مفتی محمد اقبال چشتی اور پیرسید فدا حسین شاہ حافظ آبادی نے کہا ہے کہ علماء کرام اتحاد امت،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کو فروغ دیں،گلے سڑے نظام کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان کو لبرل ریاست نہیں بننے دیں گے،یہاں پر نظریہ پاکستان کے مطابق نظام مصطفٰے نافذ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ مسجد چشتی صاحب والی میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی،صاحبزادہ طاہر مسعود چشتی،صاحبزادہ زاہد مسعود چشتی،صاحبزادہ عابد مسعود چشتی،پیر محمد داؤد رضوی،مولانا محمد اکبر نقشبندی،سرفراز احمد تارڑ،مولانا محمد سلیمان صباحی،مولانا معین حسین شاہ،ماسڑ عبدالمجید چشتی،قاری محمد اعظم چشتی،قاری سلیم اللہ تابانی،محمد نعمان صدیقی،قاری خاد م اور دیگر نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی کی انقلاب آفرین تعلیمات مسلمانوں کیلئے مینارہ نور ہیں،آپ کی روشن کردہ شمع کا فیضان ہمیشہ جاری رہے گا۔برصغیر میں دین اسلام کی تبلیغ اور اشاعت میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کا کردار ناقابل فراموش ہے آپ قافلہ شریعت و طریقت کے سر خیل تھے۔

مزیدخبریں