قصور (نمائندہ نوائے وقت) ضلع قصور کو تحریک انصاف کا گڑھ بنائیں گے اور قصور کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، قصور کی عوام کے مطالبہ پر فیروز پور روڈ کیلئے دس کروڑ کی گرانٹ منظور کرا لی گئی ہے،روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا تھا جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، مین روڈ اور سروس روڈ کی مرمت کی جائے گی، انصاف صحت کارڈ پاکستان کی تاریخ میں انقلابی اقدام ہے، ایسے ہسپتال جہاں پر غریب آدمی جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا اب وہاں اس کا فری علاج ہو گا، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف قصور کے رہنما اور سابق ایم پی اے سردار حسین ڈوگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق تنظیم سازی کو مکمل کیا جائے گا، نو منتخب عہدیداران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے، کرونا وبا کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کو مسائل کا سامنا رہا ہے۔