لاہور (سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کیخلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے 16 کھلاڑیوں اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں پرمشتمل قومی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی (4 تا 8 مارچ)، دوسرا کراچی (12 تا 16 مارچ) اور تیسرا لاہور (21 تا 25 مارچ) میں کھیلا جائیگا۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور اوپنر شان مسعود کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔حارث رؤف جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیخلاف قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ تھے۔ شان مسعود نے آخری مرتبہ سیزن 21-2020 میں دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ان دونوں کھلاڑیوں کو سپنر بلال آصف اور اوپنر عابد علی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔سکواڈ میں شامل اکیسویں رکن یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل جو کھلاڑی پی ایس ایل 2022 کا حصہ نہیں ہیں وہ 16 فروری بروز بدھ سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تربیتی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔قومی ٹیسٹ سکواڈ:بابر اعظم (کپتان) ‘محمد رضوان (نائب کپتان)‘عبداللہ شفیق‘اظہر علی ‘فہیم اشرف ‘فواد عالم‘حارث رؤف ‘حسن علی‘امام الحق ‘محمد نواز‘نعمان علی‘ساجد خان ‘سعود شکیل ‘شاہین شاہ آفریدی ‘شان مسعود ‘زاہد محمود پر مشتمل ہے ۔ریزرو کھلاڑیوں میں کامران غلام ‘محمد عباس‘نسیم شاہ ‘سرفراز احمد ‘یاسر شاہ شامل ہیں ۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی بجائے ایک تسلسل برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھے گا بلکہ یہ ان کی سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا صلہ بھی سمجھا جائے گا۔ یہ ڈومیسٹک کرکٹ کے دستیاب بہترین، باصلاحیت اور سب سے ان فارم کھلاڑی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ منتخب کردہ تمام کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
آسٹر یلیا کیخلاف ٹیسٹ سیر یز،16رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
Feb 10, 2022