نئے قانون کرایہ داری پر عمل درآمدکی ہدایات جاری کی جائیں :اسلام آباد چیمبر 

Feb 10, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہرمن اللہ سے اپیل کی ہے کہ ماتحت عدالتوں کو نئے قانون کرایہ داری پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں جس سے کرایہ داری کے تنازعات جلد حل ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی انتھک کوششوں سے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل قومی اسمبلی اور سینٹ سے پاس ہوا تھا۔ جبکہ صدر مملکت نے بھی اس پر دستخط کر دیئے تھے اور نئے قانون کا گزٹ نوٹیفیکیشن بھی ہو گیا ہے لیکن عدالتیں ابھی تک اس نئے قانون کے مطابق فیصلے نہیں کر رہی ہیں جس وجہ سے تاجر برادری کو گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر و اسلام آباد فائونڈر لائنز کلب کے صدر باصر دائود کی جانب سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے برنچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد شکیل منیر نے کہا کہ جب تک نئے قانون کرایہ داری پر عدالتوں میں عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔ عوام اس کے ثمرات سے محروم رہیں گے، تاجروں کے کرایہ داری کے تنازعات بہتر طریقے سے حل نہیں ہوں گے اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی۔

مزیدخبریں