پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے تجویز کابینہ کوپیش 

Feb 10, 2022

لاہور( کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی تجویز منظوری کے لئے کابینہ میں بھجوا دی گئی ہے۔اس اتھارٹی کے قیام سے شعبہ ٹرانسپورٹ سے متعلقہ امور ایک ہی چھت تلے طے ہوں گے۔وہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت کے زیراہتمام ٹرانسپورٹ سیکٹر کی ترقی و ترویج کے لئے منعقدہ ’’پبلک پرائیوٹ ڈائیلاگ‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فضیل آصف نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے لئے تمام اہم شعبوں میں بہتری کے لئے سنجیدہ ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس ملک کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی کا اجراء کر دیا ہے۔الیکٹرک وہیکل پالیسی کے اجراء سے سموگ جیسے اہم مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی معاونت کے لئے ایوان وزیر اعلیٰ میں سہولت مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں