اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنلرورل سپورٹ پروگرام(این آرایس پی)نے گوگل کے انسان دوست ادارےGoogle.orgکے تعاون سے انٹرنیٹ دوست اور انٹرنیٹ زبردست پروجیکٹ کا آغاز کر د یا ہے جو سیفر انٹرنیٹ ڈے2022 کے موقع پر آن لائن منعقد ہوا۔ مبلغ475kامریکی ڈالرز کے اس پروجیکٹ کا مقصدپاکستان کو ڈیجیٹلی خواندہ اور محفوظ بنانا ہے۔انٹرنیٹ دوست اور انٹرنیٹ زبردست پروجیکٹ کے ذریعے، پور ے پاکستان میں، 18,000 سے زائد دیہی خواتین کو انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجیز کے استعمال کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اپنا معیار زندگی بہتر بناسکیں۔اِس کے علاوہ، اسکول جانے والے 25,000 نو عمر بچوں (لڑکے اور لڑکیوں) کو بھی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے محفوظ اور مثبت استعمال اور محفوظ انٹرنیٹ ایکسپلوررزبننے کے لیے تعلیم دی جائے گی۔ڈیجیٹل افتتاح کے موقع پر اپنے کلیدی نوٹ میں وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، شفقت محمود نے وبا کے دوران ٹیکنالوجی کی اہمیت اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ اِس نے متعدد لوگوں کے لیے مواقع کی وسیع راہیں ہموار کی ہیں۔ انھوں نے تمام لوگوں کو انٹرنیٹ کی فراہمی اور ڈیجیٹل کی تقسیم ختم کرنے کے لیے حکومت کے عزم پر بھی زور دیا،ڈیجیٹل افتتاح کے موقع پر ماہرین نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومتیں، ترقیاتی پارٹنرز، کمیونٹی نیٹ ورکس اور بڑی ٹیک کمپنیاں کس طرح ایک دوسرے کے قریب آ سکتی ہیں اور مردوں، عورتوں اور بچوں کو انٹرنیٹ تک مہارت اور اسکلز فراہم کر سکتی ہیں تاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے حقیقی فائدہ اٹھایا جا سکے۔