کراچی(نیوز رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ضلع نوشہروفیروز میں سال2012ء کے دوران کی جانیوالی128اساتذہ کی بھرتیوں کو کلیئر قرار دیدیا،محکمہ نے اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرنے کیلئے کام کا آغاز کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ سندھ سروس ٹریبونل نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کوسابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے دور میں ضلع نوشہرفیروز میں بھرتیوں کے بعد 9سالوں سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی اسکروٹنی کا حکم دیا تھا جس پر محکمہ اسکول نے اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دیکر اساتذہ کی بھرتیوں کا جائزہ لیا اور تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کی، اساتذہ کو اسکروٹنی کمیٹی نے ذاتی طور پر بھی طلب کیا تھا جس کے بعد اسکروٹنی کمیٹی اپنی مرتب کردہ رپورٹ میں ضلع نوشہرو فیروز کے128اساتذہ کی بھرتیوں کاجائز قرار دیا اور اس کی باضابطہ رپورٹ سندھ سروس ٹریبونل میں جمع کرا دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اسکول نے اساتذہ کوتنخواہیں جاری کرنے کیلئے دفتری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں کلیئر اساتذہ کی فہرست اے جی سندھ کو بھیج کر تنخواہوں کی آئی ڈی کھولنے کی سفارش کی جائے گی جس کے بعد اساتذہ کو تنخواہوںکا اجراء ممکن ہو سکے گا۔