پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں ہوں یا کوئی بھی ہو وہ سیاست میں اپنے مفادات دیکھتے ہیں، جوعمران کوچھوڑ کر جائے گا وہ صفر ہوجائے گا۔ صحافی رحیم اللہ یوسفزئی اور حافظ ثناء اللہ کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافت میں ذاتی پسند و ناپسند بڑھ گئی ہے، غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں میڈیا بہت آزاد ہے، حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافیوں نے بڑا مشکل وقت دیکھا ہے، 100 بڑی کمپنیوں نے 929 ارب کامنافع کمایا لیکن ورکروں تک اثرات نہیں پہنچے، ہم قوانین لانے کی کوشش کرتے ہیں تو رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1947 سے 2006 تک 6 ٹریلین قرضہ لیا گیا، زرداری اور نوازشریف کے ادوار 2008 سے 2018ئ تک 23 ٹریلین قرضہ لیا گیا، اسحق ڈار اور دیگر نے باہر جائیدادیں بنائیں اور ملک کو تباہ کیا، سابقہ حکومتوں نے صنعتیں ختم کیں، اور معیشت بیٹھ گئی، یہ ملک سے بھاگنے کے لیے ہلچل پیدا کررہے ہیں، شہباز شریف پہلے پیسہ دیں پھر ان سے بات ہوگی، ورنہ انہیں باہر نہیں جانے دیں گے، سیاسی جماعتوں میں بونے بیٹھے ہوئے ہیں، یہ جماعتیں تحقیق کے بغیر کام کرتی ہیں، اتحادی جماعتیں ہوں یا کوئی بھی ہو وہ سیاست میں اپنے مفادات دیکھتے ہیں، جوعمران کوچھوڑ کر جائے گا وہ صفر ہوجائے گا، اب جانے والوں کی نہیں آنے والوں کی لائن لگے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے تین سالوں میں مسائل ختم نہیں کئے لیکن سماجی ریاست یا ریاست مدینہ بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، ہم نے صحت کارڈ، احساس پروگرام اور راشن پروگرام شروع کیے تاکہ غربائ کوریلیف مل سکے، ہمارے دور میں گندم، گنا اور چاول کی بمپر فصلیں ہوئیں، ہم اب یہاں مہنگی فصلیں پیدا کر رہے ہیں، 1100 ارب زراعت اور ایک ہزار ارب تعمیراتی صنعت کودئیے گئے، اگلے دوسالوں میں اٹھارہ ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی نہیں اپنائی۔