اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت میں ختم کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈرز کانفرنس آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی جس میں شرکاء کو ملک کی سکیورٹی صورتحال اور بلوچستان میں حالیہ واقعات پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بلوچستان میں دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ شہداء اور غازیوں نے دہشت گرد حملوں کو کمال جرات سے پسپا کرتے ہوئے ملکی دفاع کو یقینی بنایا اور دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔