کامیاب جوان پروگرام ہی اصل تبدیلی،نوجوان استفادہ کریں

کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورنگی میں کامیاب جوان کنونشن اور چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ اصل تبدیلی کا وعدہ ہے جو عمران خان اور ان کی ٹیم پورا کررہی ہے، کیونکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو خودمختار کیا جارہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہے اور اسی حوالے سے نوجوانوں سے کہوں گا کہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرتے ہوئے اس پروگرام کا حصہ بنیں، کیونکہ ملک کی اکنامی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے نوجوانوں پر بھروسہ کیا ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی اسی بھروسے پر قائم ہے۔ جو کہتے ہیں حکومت آج گئی اور کل گئی وہ حکومت گرانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان اگلے دس سال بھی ملک کے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ ہم عثمان ڈار کی کراچی آمد پر بہت مشکور ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے جو پیار دیا کبھی فراموش نہیں کروں گا۔ گورنر سندھ کا مشکور ہوں جو ہر قدم پر بہترین رہنمائی کرتے ہیں، کراچی میں ترقی کا سہرا گورنر سندھ کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سندھ میں اور 3 ارب روپے کراچی میں قرضوں کی صورت میں تقسیم کیے ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ترقیاتی  پیکج وزیراعظم نے کراچی کو دیا ہے جس میں K-IV اور گرین لائن منصوبہ شامل ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام ایک ٹرانسپیرنٹ پروگرام ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے قرضوں کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کراچی میں کامیاب دوکاندار پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی میں 2 ہزار دوکانیں کھولی جائیں گی، جس میں 20 لاکھ روپے تک بغیر سیکیورٹی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مذید کہا کہ 1 کروڑ قرضوں کی حد کو بڑھا کر 2.5 کروڑ کردی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 ارب روپے خواتین کیلئے مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 3 ارب روپے خواتین میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بینکوں کے صدور سے رابطہ میں ہوں اور انہوں نے قرضوں کے عمل میں مذید آسان بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ای پیپر دی نیشن