صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام دوست ملکوں سے معیشت ، تجارت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے یہ بات برونائی دارالسلام کے نامزد ہائی کمشنر الجزائر اور یونان کے نامزد سفیروں اور ماریطانیہ اور البانیہ کے نان ریذیڈنٹ نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی اور اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔صدر نے نئے سفیروں کو مبارک باد دیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ وہ پاکستان اور دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردارادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ملک میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے مختلف اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے غیرملکی تجارتی اداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواجاگر کیا اور عالمی برادری سے کہاکہ وہ بھارت سے جواب طلب کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ تنازعہ حل کرنے میں مدد دے۔
پاکستان دوست ممالک سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے،صدر
Feb 10, 2022 | 19:34