اسلام آباد (آئی این پی) بندرگاہ پر پھنسے کنٹینرز ریلیز ہونے کے بعد ملک میں دالوں کی قیمت میں 25 روپے فی کلو تک کمی واقع ہو گئی۔ کراچی کی دونوں بندرگاہوں میں پھنسے ہزاروں کنٹینرز ریلیز ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ حکومتی احکامات کی روشنی میں اشیائے خور و نوش اور عام ضروریات کی چیزوں کو فوقیت دی جارہی ہے۔ چند روز کے دوران بندرگاہوں پر موجود اجناس سے بھرے 2400 کنٹینرز ریلیز کر دیئے گئے ہیں۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرئوف ابراہیم کا کہنا ہے کہ کنٹینرز پھنسنے کی وجہ سے ناجائز منافع خوری شروع ہوئی تاہم کنٹینرز ریلیز ہونے سے مارکیٹ میں سٹے باز بیوپاریوں کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں دالوں اور دیگر اجناس کی قلت ختم اور سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں کمی کا اثر آئندہ چند روز میں ریٹیل کی دکانوں پر بھی پڑے گا۔
کراچی: پھنسے 2400 کنٹینرز ریلیز دالیں 25 روپے کلو تک سستی
Feb 10, 2023