پیپلزپارٹی اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے: بلاول

Feb 10, 2023


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں صدر عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک اور فنانس سیکرٹری کاشان اکمل گل، سینئر نائب صدر چوہدری شاہد اجمل و دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے نو منتخب باڈی صحافیوں کے حقوق کے جد و جہد جاری رکھے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا کسی بھی معاشرے میں جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر تا ہے۔ میڈیا کی آزادی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے آر آئی یو جے کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ یونین سازی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ویج بورڈ کا قیام پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔ تحریک بحالی جمہوریت میں صحافیوں کی جدوجہد قربانیوں کی معترف ہے۔ کہا کہ آجر اور اجیر کے درمیان اچھے تعلقات کے ذریعے اداروں کی بہتری اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے کاوشیں کرینگے۔

مزیدخبریں