کرا چی ایکسپو میں میری ٹائم نما ئش ، امریکہ سمیت 17ممالک شریک

Feb 10, 2023


کراچی (قمر خان)پاک بحریہ کے تحت کثیرالقومی مشقوں ’’امن 23‘‘ کے  سلسلہ میںترتیب دیئے گئے پروگرام  ’’ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن و کانفرنس‘‘ کا پہلا ایڈیشن 10سے 12فروری 2023تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔ نمائش میں133مقامی و بین الاقوامی ادارے اور کمپنیز کے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں 21غیرملکی اور 112ملکی ادارے اور کمپنیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکہ، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بسا، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37بین الاقوامی وفود بھی شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت بحری امور اسد رفیع چندنا کے ہمراہ کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اور کانفرنس کی میڈیا بریف میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا اہم پہلو سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی فعال شرکت ہے جن کی جانب سے نمائش میں خصوصی پویلین قائم کیے گئے ہیں جس کا مقصد ملکی میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔میری ٹائم نمائش (PIMEC) میں بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو گورنمنٹ میٹنگز، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور میڈیا نمائندگان سے بات چیت شامل ہوگی۔ نمائش کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کی بلیو اکانومی کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور میری ٹائم انڈسٹری کے پبلک اور پرائیویٹ دونوں شعبوں کو ایک فورم پر مصنوعات کی نمائش کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ PIMEC مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کے ساتھ بات چیت کا ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔ توقع ہے کہ  یہ نمائش پاکستان کی میری ٹائم اور دفاعی صنعتوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔میری ٹائم نمائش کے ساتھ ساتھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام ایک انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد کی جارہی ہے۔ کانفرنس کا عنوان ' بلیو اکانومی کا فروغ- ترقی پذیر ممالک کے لیے چیلنجز اور مواقع' ہے۔ کانفرنس کو 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی نامور مقررین 27 مقالے پیش کریں گے۔پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس کا انعقاد کثیر القومی مشق امن 2023 کے ساتھ کیا جا رہا ہے جس میں 50 بحری افواج کے 122 سے زائد مندوبین کو اس ایونٹ کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔جس کے باعث مقامی نمائش کنندگان کو دنیا بھر سے آنے والے شرکاکے ساتھ بات چیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔میری ٹائم شعبہ عالمی تجارت اور معیشت کا مرکز ہے، عالمی سمندری معیشت کی موجودہ مالیت تقریبا 1.5 ٹریلین امریکی ڈالر سالانہ ہے اور ایک اندازے کے مطابق 2030 تک اس کے حجم میں دوگنا اضافے کی توقع ہے۔ملکی اور اقتصادی ترقی میں بحری شعبے کا اہم کردار ہے اسی لیے پاک بحریہ اور وزارت میری ٹائم افیئرز کے باہمی تعاون سے میری ٹائم آگہی کے فروغ، پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل کو اجاگر کرنے اور قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لیے اس نمائش کا انعقاد کیاگیا ہے۔امید کی جاتی ہے کہ پاک بحریہ اور وزارت بحری امور کی جانب سے یہ مشترکہ قدم نہ صرف بلیو اکانومی کو فروغ دے گا بلکہ پاکستان کی ساحلی پٹی کی سماجی و اقتصادی ترقی کاسبب بھی بنے گا۔

مزیدخبریں