لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ مواخات کی مصطفوی تعلیم و طریق سے مسلم معاشرے میں خود کفالت، خود انحصاری اور معاشی استحکام کی مضبوط بنیادیں فراہم ہوئیں۔ ریاست مدینہ میں حضور نبی اکرم نے انصار و مہاجرین کے درمیان معاشی برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم کروا کر مسائل زدہ بھائیوں کو پاؤں پر کھڑا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے روجھان (جنوبی پنجاب )میں متاثرین سیلاب کیلئے تعمیر کیے گھروں کی تکمیل پر چابیوں کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تاجدارِ کائنات حضور نبی اکرم نے ریاست مدینہ میں مواخات مدینہ کا درس دے کر رہتی دنیا تک کے حکمرانوں اور صاحب ثروت حضرات کیلئے ایک مثال قائم کر دی ہے کہ مواخات کے ذریعے معاشرے سے غربت و تنگ دستی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔