واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر جو بائیڈن نے ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلوں کی شدت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عصر حاضر کے دوران یہ اس خطے میں آنے والا بد ترین زلزلہ تھا،امریکی صدر نے اقتصادی پلان کی تفصیلات بتانے کیلیے وِس کونسن میں ایک خطاب کے دوران کہا کہ امریکی عوام کی نیک تمنائیں اور دعائیں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے ساتھ ہیں،یہ عصر حاضر کے دوران اس خطے میں آنے والا بد ترین زلزلہ تھا،بائیڈن نے کہا کہ میں جانوں کے ضیاں پر سوگ کی حالت میں ہوں،زلزلے کے فورا بعد میں نے ترک صدر ایردوان سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں امریکہ اور نیٹو کی مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا ہے جبکہ امریکہ کی عالمی ترقیاتی ایجنسی اور یورپ میں متعین ہماری فوج ترکیہ کے آفت زدہ علاقوں میں امداد کیلیے تیار ہے،شام کی امداد کے حوالے سے بھی بائیڈن نے کہا کہ وہاں ہم امریکہ کی سماجی تنظیموں کے ذریعے امداد روانہ کریں گے، ترک و شامی عوام مطمئن رہیں جب بھی مدد کی ضرورت ہوگی امریکہ وہاں موجود ہوگا،اس دوران،امریکی امور دفاع پینٹاگون کے ترجمان جنرل پیٹرک رائیڈر نے بتایا کہ ترکیہ کی مدد کے لیے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش روانہ ہو گیا ہے۔
امریکی صدر
ترکیہ، شام میں آنے والا زلزلہ تاریخ کی ہولناک تباہی ہے: امریکی صدر
Feb 10, 2023