لاہور+راولپنڈی (نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے راولپنڈی میں کارر وائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار کر لیے ہیں۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے حساس ادارے کے تعاون سے گزشتہ روز جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد حیات اللہ اور وکیل خان کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان کے حاجی فقیر گروپ سے ہے اور وہ خودکش حملہ آوروں کے ساتھ راولپندی پولیس لائنز پر حملہ آور ہونا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے اور وہ تھانہ صدر بیرونی، ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی، سینٹ پال چرچ حاجی فقیر گروپ کا ٹارگٹ تھے اور کانونٹ سکول راولپنڈی، پولیس لائنز اسلام آباد سمیت دیگر حساس مقامات پر تخریبی کارروائیوں کا بھی ارادہ رکھتے تھے، جس کے لیے انہوں نے تمام مقامات کی ریکی کر کے تصاویر ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان کو بھجوائیں۔ ترجمان نے کہا کہ حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
دہشتگرد گرفتار
3راولپنڈی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
Feb 10, 2023