اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے دیامر اور کوہستان کے قبائل میں جرگے کے تحت جھگڑا ختم ہونے پر کیس نمٹا دیا دیامر بھاشا ڈیم کی زمین پر قبائل اور خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان حکومتوں میں تنازعے کا کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربرا ہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دیامر بھاشا ڈیم کی زمین پر تنازعے کے حل کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوے عدالت کو بتایا کہ متاثرین کو 4 کروڑ روپے ادا کردیے گئے۔دیامر اور کوہستان کے قبائل میں 8 کلومیٹر کی زمین پر دس سال قبل جھگڑا ہوا، گلگت بلتستان کے علاقے تھور اور خیبر پختونخوا کے علاقے ہربان میں قبائل کے تصادم پر 4 افراد جاں بحق ہوئے، جرگے نے قبائل کے جھگڑے پر فیصلہ کردیا اور متاثرین کو 4 کروڑ روپے ادا کردیے گئے، ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختوانخواہ نے کہا ابھی صرف قبائل کا جھگڑا ختم ہوا، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا حکومت کا تنازعہ ختم نہیں ہوا،جس پر چیف جسٹس نے کہا ہمارے پاس حکومتوں کے جھگڑے نہ لائیں، اب غیر سیاسی حکومت ہے امید ہے تنازعہ نہیں ہوگا، اگر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا حکومتوں میں تنازعہ ختم نہ ہوا تو مشترکہ مفادات کونسل میں لے جائیں، جس کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔
جھگڑا ختم
سپریم کورٹ نے دیامر اور کوہستان قبائل میں جرگے سے جھگڑا ختم ہونے پر کیس نمٹا دیا
Feb 10, 2023