لاہور (نیوز رپورٹر)ڈاکٹر اے کیو خان ٹرسٹ ہسپتال لاہور کے زیر اہتمام نگران وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن رضا نقوی کی شعبہ صحت کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ڈاکٹر اے کیو خان کانفرنس ہال میں ’’محسن پنجاب‘‘سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت چیئرمین ڈاکٹر اے کیوخان ٹرسٹ لاہور قیصر امین بٹ القادری نے کی۔ قیصر امین بٹ کا کہنا تھا کہ ماضی کی منتخب حکومتوں کے دور میں دل کے مریضوں کو انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کیلئے تین تین ماہ کی تاریخیں دی جاتی تھیں جبکہ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے انقلابی اقدامات کرتے ہوئے تمام سرکاری ہسپتالوں میںانجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کو 24گھنٹے فعال کرنے اور زچہ و بچہ کو تمام طبی سہولیات مفت دینے کے عملی اقدامات کرتے ہوئے عوام کے دل جیت لئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن رضا نقوی ایک عوام دوست اور درویش صفت انسان ہیں۔ انکے ان انقلابی اقدامات پر پوری پنجاب کی عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر شوکت ورک نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام کو صحت اور علاج معالجے کیلئے جو اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن رضا نقوی کررہے ہیں انکی ماضی میں مثال ملنا ناممکن ہے۔