ڈکیتوں کو لگام نہ دی جاسکی ،24 گھنٹوں میں 92 موٹر سائیکلیں غائب 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کوگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جرائم کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو نے اپنی رپورٹ پیش کی ۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں131اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں37 موبائل/نقدی چھیننے،2کار چوری، 4موٹرسائیکل چھیننے اور88 چوری ہونیکی وارداتیں شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پولیس  اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان4 مقابلے ہوئے جس میں7جرائم پیشہ افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیاگیا  جبکہ11اسٹریٹ کرمنلز /چوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طورپر140ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔جن میں35اسٹریٹ کرمنلز / ڈاکو ،13کارلفٹرز،4قاتل ، 19 افراد کوغیر قانونی اسلحہ رکھنے پر،17منشیات فروش / سپلائیر جبکہ52دیگر جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کیاگیا۔ برآمدگی کے حوالے سے وزیراعلی سندھ کو بتایاگیا کہ پولیس نے مختلف چھاپوں /کارروائیوں کے دوران22غیر قانونی اسلحہ ،8کلو گرام چرس، 5کلوگرام آئس ، کرسٹل اور ہیروئن،9چوری کے موبائل فون اور19مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔

ای پیپر دی نیشن