مولانا شفیع اوکاڑویؒ کی یاد میں آج یومِ خطیب ِ اعظم منایا جائیگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بانیِ جماعت ِ اہلِ سنت، عاشقِ رسول، محب ِ صحابہ و آلِ بتول، مجدد مسلکِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحم اللہ علیہ کو ایصالِ ثواب کے لیے آج جمعہ کو دنیا بھر میں مولانا اوکاڑوی اکادمی (العالمی) کی اپیل پر اہل سنت کی مساجد و مراکز اور درس گاہوں خانقاہوں میں 40واں سالانہ عالمی یومِ خطیب ِ اعظم عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ علماو مشائخ اور ائمہ و خطبا اپنے خطبات میں حضرت خطیب ِ اعظم رحم اللہ علیہ کی دینی، علمی اور ملی و مسلکی مثالی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں والہانہ خراجِ محبت و عقیدت پیش کریں گے اور اجتماعی فاتحہ خوانی کرکے ایصالِ ثواب کریں گے۔ سالانہ عالمی یومِ خطیب ِ اعظم کا مرکزی اجتماع جامع مسجد گلزارِ حبیب، گلستان اوکاڑوی (سولجر بازار) میں ہوگا، ملک اور بیرون ملک سے علما و مشائخ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ نماز جمعہ سے قبل قرآن خوانی ہوگی، ازاں بعد خطیب ِ اہلِ سنت پیر بیرسٹر سید وسیم الحسن نقوی حافظ آبادی اور دیگر خطاب کریں گے۔ اجتماع میں ختمِ غوثیہ اور قصیدہ غوثیہ پڑھا جائے گا اور ذکر الہی کے بعد خطیب ِ ملت علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی ایصالِ ثواب اور اجتماعی دعا کریں گے۔ درود و سلام پر سالانہ عرس مبارک کی 2 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن