کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ مرزااسداللہ خاں غالب کے اشعار میں اور خیال و فکر کے آئینہ میں سماجی ، سیاسی و تہذیبی احوال کا عکس دیکھا جاسکتا ہے۔غالب کی شاعری کی سب سے بہترین بات یہ ہے کہ اس دور کی شاعری اور عصر حاضر کے معاشرے میں مماثلت پائی جاتی ہے۔بہت کم شاعر حقیقت پسند ہوتے ہیں لیکن غالب حقیت پسند شاعر تھے اور ان کی شاعری میں ماضی حال اور مستقبل نظرآتاہے۔جامعات میںاس طرح کے سیمینارز کا انعقاد خوش آئندہے جس سے طلبہ کو نہ صرف سیکھنے کا موقع ملتاہے بلکہ اس سے ادب سے متعلق معلومات کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ اُردو جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقد ہ سیمینار بعنوان’’مرزااسداللہ خاں غالب کی تخلیقی جہات‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس، معروف صحافی وشاعرمحمود شام اور شاہدہ حسن اورصدرشعبہ اُردو پروفیسرڈاکٹر عظمیٰ فرمان بھی موجود تھیںجبکہ مقالہ جات پیش کرنے والوں میں ڈاکٹرتنظیم الفردوس، ڈاکٹرذکیہ رانی،ڈاکٹرعبدالوہاب سوری، ڈاکٹر انتخاب الفت،پروفیسر رمضان بامری اورڈاکٹر افتخار شفیع،شامل تھے۔محمود شام نے کہا کہ غالب ہر صدی اور ہر دورکا شاعرہے جس کی شاعر ی میں طبیعیات بھی فراواں ہے اور مابعدالطبیعیات بھی جیسے جیسے انسان نئے نئے علوم کے آفاق فتح کرتارہے گا اور تکنیک کی نئی نئی صورتیں ایجادکرتارہے گا غالب کی اس فکر کی نامعلوم پرتیں بھی دریافت ہوتی رہیں گی۔رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے کہا کہ مرزااسداللہ خاں غالب اُردوادب میں اپنی شاعری اور منفرد اندازبیاں کے حوالے سے مشہورہے اوران کی شہرت کا یہ منفرد سلسلہ آج بھی جاری وساری ہے۔غالب کا کلام ہمیں اپنے عہد کی ترجمانی کرتادکھائی دیتاہے ،ادب کسی بھی زبان کا ہواپنی قومی اورسماجی زندگی کا عکس لئے ہوتاہے۔مرزاغالب کے کلام میں ان کے عہد کی سماجی کی جھلک ہمیں دکھائی دیتی ہے اور اس کی مماثلت ہمیں اپنے عہد میں بھی اس طرح نظرآتی ہے۔استقبالیہ کلمات مشیرامورطلباء شعبہ اُردو جامعہ کراچی محمد سلمان جبکہ اظہار تشکر صدر شعبہ اُردو ڈاکٹرعظمیٰ فرمان نے اداکئے۔سیمینارمیںنظامت کے فرائض ڈاکٹرصدف تبسم نے انجام دیے۔سیمینارمیں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلباوطالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اسی مناسبت سے کتاب میلہ بھی منعقدکیاگیا تھا جس میں طلبا و طالبات اور اساتذہ نے بھرپور دلچسپی لی۔اس موقع پرشیخ الجامعہ نے مہمانوں، اساتذہ اور شعبہ اردوکے طالب علموں کواعزازی شیلڈاور تحائف بھی پیش کئے۔