نازیبا وڈیو کیس :دانیہ شاہ کی گرفتاری خلاف درخواست مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نازیبا وڈیو کیس میں دانیہ شاہ کی گرفتاری خلاف درخواست مسترد کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں دانیہ شاہ کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل لیاقت گبول ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ دانیہ شاہ کو پنجاب کے علاقے لودھراں سے غیر قانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دانیہ شاہ کی گرفتاری کے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کیس کا چالان جمع ہوچکا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ جی کیس کا عبوری چالان جمع ہوچکا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا مگر کوئی کارروائی نہیں کی۔ ٹرائل کورٹ کو ہدایت جاری کی جائیں کے ایف آئی اے کیخلاف کارروائی کرے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ کیخلاف مقدمے کا چالان جمع ہو چکا ہے، مداخلت کا کیس نہیں بنتا۔ عدالت نے دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ دانیہ شاہ کو دسمبر 2022میں ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن