کاشتکارموسم گرما کی سبزیات کاشت فوری کرلیں:ترجمان محکمہ زراعت پنجاب 

Feb 10, 2023


 لاہور(سٹاف رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ کاشتکارموسم گرما کی سبزیات کریلا،گھیا کدو،چپن کدو،کالی توڑی، بھنڈی، گھیا توڑی، بینگن، ٹماٹر،سبز مرچ، شملہ مرچ،تر،کھیرا، پیٹھا وغیرہ سمیت موسم گرما کی دیگر سبزیات کی کاشت فوری کرلیں۔یاد رہے موسم گرما کی سبزیات کی کاشت وسط فروری تا مارچ کے اختتام تک کی جا سکتی ہے۔مارچ کے بعد کاشت کی گئی سبزیات کی کاشت درجہ حرارت بڑھنے سے قاصر رہتی ہے۔موسم گرما کی سبزیات کی نشوونما کیلئے درجہ حرارت 20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈموزوں رہتا ہے۔ موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادہ رکھنے والی میرا زمین موزوں ہے۔ سبزیات کی کاشت سے چند روز پہلے گوبر کی گلی سٹری کھاد ڈالنے سے زمین مزید بہتر ہوتی ہے۔ موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جس کی اگاؤ کی شرح 80فیصد سے کم نہ ہو اور کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے ایسی اقسام کا انتخاب کریں جو موسمی حالات کے مطابق کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں۔ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں اور جب پنیری کی عمر 30تا35دن ہوجائے تو پنیری کو محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سفارش کردہ فاصلہ پر منتقل کردیں۔کریلہ،گھیاکدو،چپن کدو،گھیا توڑی،تر اور کھیرا کی کاشت پٹریوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توڑی کی کاشت پٹریوں کے دونوں جانب کرنے سے بتائج بہتر ملتے ہیں۔

مزیدخبریں