اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے

مکتوب فرانس 
صاحبزادہ عتیق الرحمن
پاکستان ایمبیسی پیرس کی جانب سے’’ یوم یکجہتی کشمیر‘‘ تقریب کا اہتمام
پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد
پاکستان ایمبیسی پیرس نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کو اجاگر کیا گیا تھا۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقررین نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔کشمیری عوام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔  پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی طرف سے کشمیر کے کاز کی حمایت کے لیے ادا کیے جانے والے فعال کردار کو سراہا۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے والی تصاویر اور عکاسیوں کی ایک نمائش بھی چانسری میں رکھی گئی۔دنیا بھر کی طرح پیرس میں بھی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی طرف سے  یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان و کشمیرکے جھنڈے اور بھارت مخالف نعروں والے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے مودی اور انڈیا کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔ ریلی کے شرکاء نے ،مودی ٹیرورسٹ ،انڈیا ٹیرورسٹ ،ہم کیا چاہیں ’آزادی ،کشمیر ی مانگیں آزادی، لے کے رہیں گے آزادی ،ہے حق ہمارا آزادی ،کشمیر بنے گا پاکستان  کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ یکجہتی کشمیر ریلی پیرس کی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی ریپبلک اسکوائر پر جاکر ختم ہوئی۔ ریپبلک اسکوائر پر شرکاء ریلی نے گول دائرے میں ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ کشمیریوں کی پر امن اور جمہوری جدوجہد کو روکنے کے طاقت کے بے دریغ استعمال کیا جارہا یے لیکن اس کے باوجود بھارت کے قابض فوج کے سامنے کشمیری ڈٹے ہوئے ہوئے اور دنیا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشمیر میں استصواب رائے کروایا جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں دنیا نے ان سے کر رکھا ہے۔ ریلی میں سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر ریلی کے آرگنائزرز صاحبزادہ عتیق الرحمن اور سردار ظہور اقبال نے تمام شرکاء ریلی کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن