ملکی حالات اداروں کے درمیان کھینچا تانی کے متحمل نہیں ہو سکتے:خورشید شاہ


اسلام آباد(خبرنگار) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اداروں میں ایک دوسرے کیلئے عدم برداشت سے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں اور ملک کے موجودہ حالات اداروں کے درمیان کھینچا تانی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے ہم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے جمہوریت کیلئے خدشات پیدا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی انتشار اور افراتفری کی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے مگر مجھے یقین ہے کہ اس کا یہ انداز سیاست زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں ان کی ترجیح توڑ پھوڑ اور افراتفری ہوتی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ قومیں مثبت اور تعمیری رویوں سے بنتی ہیں مگر بدقسمتی سے پی ٹی آئی مثبت اور تعمیری سوچ سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی انقلابی مارچ، کبھی دھرنے، کبھی استعفوں، کبھی جیل بھرنے کی بات کرتے ہیں مگر اس رویے سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا اور آخر کار انہیں مذاکرات کی میز پر ہی انا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کو ملک کے حالات کی فکر ہے اور وہ فضول اور بے مقصد نعروں میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔
خورشید شاہ

ای پیپر دی نیشن