iپارلیمنٹرینز کانگریس ختم، روڈ سیفٹی کے عالمی ایکشن پلان پر عملدرآمد کا عزم 


اسلام آباد (خبرنگار) انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے زیر اہتمام 2 روزہ کانفرنس گیارہ نکاتی متفقہ اعلامیہ کے بعدا ختتام پذیر ہو گئی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینٹ سنجرانی، بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو، سیکرٹری جنرل آئی پی سی ستارہ ایاز، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈ کے علاوہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے پارلیمنٹرینز اور غیر ملکی مندوبین، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید اور روڈ سیفٹی اور نیٹ ورک سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ اختتام پر سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس ستارہ ایاز نے کانفرنس کے شرکاءکو متفقہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ متفقہ اعلامیہ کے تحت انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کا مستقل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سیکرٹریٹ روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی حکمت عملی سے متعلق مقاصد پر پیش رفت میں معاونت فراہم کرے گا۔ اعلامیہ میں روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم پر زور دیا گیا اور روڈ سیفٹی گلوبل ایکشن پلان کے تحت حادثات کو کم کرنے، جانی و مالی نقصانات کم کرنے کیلئے اہداف مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ نئی اور پرانی گاڑیوں کی سیفٹی مقاصد کیلئے لازمی سرٹیفکیشن اور رجسٹریشن نظام متعارف کرانے پر زور دیا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ڈرائیونگ دورانیہ کیلئے حدود مقرر کرنے اور پیشہ ورانہ ڈرائیورز کیلئے ریسٹ پیریڈ متعارف کرایا جائے۔ صحت کی سہولیات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ صحت کے مراکز، ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے اور ہر سطح پر صحت کے شعبے میں بنیادی ایمرجنسی کیئر سروسز کے قیام عمل میں لایا جائے۔ 
پارلیمنٹرینز کانگریس

ای پیپر دی نیشن