اسلام آباد(خبرنگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ ہاو¿س اسلام آباد میں اپنے اجلاس میں سینیٹر سیمی ایزدی کی جانب سے پیش کردہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ترمیمی)بل 2022 کو ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد نے بل اور ایک جامع دستاویز کو سامنے لانے کے حوالے سے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ کاوشیں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے معاملات کو یکسو کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ بل کے مطابق کمیشن کم از کم ہر سہ ماہی اجلاس منعقد کرنے کا پابند ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر رانا مقبول احمد نے کی جس میں سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر خالدہ عطیب، سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی، سینیٹر محمد اکرم، سینیٹر سید وقار مہدی، سینیٹر بہرامند خان تنگی، سینیٹر محمد عبدالقادر کے علاوہ کابینہ ڈویژن، ایسٹبلشمنٹ ڈویژن اور اوگرا کے سینئر افسران نے شرکت کی سینیٹر عبدالقادر کے پیش کردہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ترمیمی)بل 2022 پر بحث کرتے ہوئے، کمیٹی نے سفارش کی کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو پارلیمنٹ کے اراکین (ایک سینیٹ اور ایک سے قومی اسمبلی سے)اور صوبائی اسمبلی کے ایک رکن پر مشتمل ہو جو سیاسی قیادت کو صحیح اور مفید مشاورت فراہم کر سکے۔ دی گئی سفارشات کو سراہتے ہوئے چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد نے پروپوزل فزیبلٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ممبران فیلڈ میں متعلقہ تجربہ اور علم کے ساتھ ساتھ دیانتداری کے حامل ہوں۔ توشہ خانہ (منیجمنٹ اینڈ ریگولیشن)بل، 2022 پر غور کرتے ہوئے، کمیٹی کی رائے تھی کہ یہ نیک نیتی پر مبنی ایک اچھی مشترکہ کوشش ہے جو توشہ خانہ کے اصولوں کا خاکہ پیش کرے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ بل اور اس کی مختلف شقوں کا تفصیلی جائزہ لے اور اسے ایک ہفتے میں غور و خوض کے لیے سفارشات کے ساتھ کمیٹی کو پیش کرے۔
ترمیمی بل منظور