پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد پر چین کا کہنا ہے کہ انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ پاکستان تمام موسموں کا سٹریٹیجک شراکت دار اور فولادی دوست ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے حملوں پر گہری تشویش ہے۔
پاکستان اور چین کے تعلقات میں کبھی نشیب و فراز اور اونچ نیچ نہیں آئی ہمیشہ دونوں کی طرف سے ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔چینی ترجمان کی طرف سے یہ کہنا بالکل درست ہے کہ پاکستان اور چین تمام موسموں کے سٹریٹیجک شراکت دار اور فولادی دوست ہیں۔پاکستان اور چین باہمی تعاون سے دفاع میں بھی ایک عظیم الشان شراکت داری رکھتے ہیں۔ جے ایف تھنڈر 17 جہازوں کی پاکستان میں تیاری اس کی ایک بہترین مثال ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی سے کچھ ممالک بیجا تکلیف میں مبتلا ہو جاتے ہیں ان میں بھارت سب سے آگے ہے۔ اس نے پاکستان اور چین کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لیے کئی سازشیں کی ہیں۔ پاکستان میں چین کے مفادات کو دہشت گردی کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا لیکن چین اور پاکستان کی ایسی لازوال دوستی ہے کہ اس میں کبھی کسی قسم کا کوئی فرق نہیں آیا۔چین کی طرف سے پاکستان کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی گئی۔ ابھی انتخابات ہو رہے تھے تو اس موقع پر چین کی طرف سے کہا گیا کہ امید کرتے ہیں ،پاکستان کے انتخابات ہموار، مستحکم اور محفوظ انداز میں ہو نگے۔پاکستان میں آٹھ فروری کو انتخابی عمل پر امن طریقے سے مکمل ہوا۔انتخابات سے ایک روز پہلے تک بلکہ انتخابات کے روز بھی دہشتگردی کے چند ایک واقعات ہوئے جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے پاکستان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔بھارت نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا لامتناہی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس نے چین کے بھی کئی حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔دہشت گردی سے نمٹنے اور بھارت سے مقبوضات واگزار کرانے کے لیے پاکستان اور چین کو مزید قریب آنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان اور چین واقعی تمام موسموں کے پارٹنر ہیں
Feb 10, 2024