سکیورٹی فورسز کا آپریشن ‘ ہائی پروفائل کمانڈر سمیت تین دہشتگرد ہلاک

Feb 10, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کر کے ہائی پروفائل دہشتگرد کمانڈر سمیت تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہائی پروفائل دہشت گرد عبدالشکور، نعمان اور ابو حمزہ خراسانی کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر 7 فروری کو قلعہ سیف اللہ اور پشین میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ ہلاک دہشت گرد نے بلوچستان میں ہائی پروفائل خودکش بم حملے کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی ، جو سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بروقت اور فوری کارروائی کے باعث کامیابی سے ٹل گئے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے اتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں