مخلوط حکومت بنانے میں مدد دینگے، خالد مقبول

Feb 10, 2024

لاہور؍ کراچی (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پی پی پی پی کے صدر، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز ہنگامی طور پر لاہور پہنچ گئے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان ملاقات کا امکان ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو لاہور میں بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن میں پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت این اے 127 میں انتخابی نتائج کو چینلج کرنے پر بھی مشاورت کرے گی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت پنجاب میں امیدواران کے الیکشن نتائج تحفظات پر لائحہ عمل طے کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت بنانے میں مدد دیں گے۔ ان کی پارٹی جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دے گی۔ پاکستانی آئین میں وہ اصلاحات لانا ہوں گی جن سے 23  سیاسی گھرانوں کو نہیں 23 کروڑ عوام کو تحفظ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی نہیں نیتوں کا بحران ہے۔ ملک میں تجارتی نہیں اعتماد کا خسارا ہے۔ پاکستان کو اس جمہوریت کی ضرورت نہیں جس کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچیں۔

مزیدخبریں