حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں حلقہ پی پی 37کے آر او آفس میں لیگی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں اور انکے حامیوں میں کرسیاں چل گئیں۔د ونوں اطراف سے ایک دوسرے کو گالم گلوچ کئے جانے کے بعد گھونسے اور ٹھڈے مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 37 کے نتائج کی تاخیر کی وجہ سے لیگی امیدوار شاہد حسین بھٹی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اسد اﷲارائیں اپنے اپنے حامیوںکے ہمراہ رزلٹ لینے کے لئے ریٹرننگ آفیسر صغیر باجوہ کے دفتر آئے جہاں توں تکرار شروع ہوئی،جس کے بعد آفس میدان جنگ بن گیا ۔دونوں امیدواروں اور انکے حامیوںنے ایک دوسرے پر کرسیاںپھینکیں ،ایک دوسرے کو ٹھڈے اور گھونسے بھی مارے جس کی وجہ سے آفس کا ہزاروں روپے کا سامان بھی ٹوٹ گیا ۔تاحال پولیس کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔دوسری جانب این اے67کے نتائج میں تاخیر کئے جانے پر پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن دن بھر آر او آفس کے سامنے شاہراہ پر براجمان رہے جس سے وہاںپر ٹریفک بلاک رہی۔