حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کی جانب سے ناقص ترین انتظامات کے باعث پریزائیڈنگ افسران رات گئے تک ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں خوار ہوتے رہے جبکہ خواتین پریزائیڈنگ افسران اپنے بچوں کے ہمراہ سردی میں ٹھٹھرتی رہیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو کوستی رہیں۔ اس موقع پر کئی گھنٹے تک پریزائیڈنگ افسران سے رزلٹ وصول نہ کئے گئے اور وہاں پر گھنٹوں لمبی لائنیں لگی رہیں۔دوسری جانب موبائل سروس کی بندش کے باعث ڈیوٹی دینے والی خواتین افسران کے رات کے وقت اپنے گھروںمیں نہ پہنچنے اور ان سے رابطہ نہ ہونے سے انکے عزیزواقارب اوراہل خانہ سخت پریشان رہے۔عوامی سماجی حلقوںنے الیکشن کمیشن اور دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کے موقع پر اس بدانتظامی اور ڈپٹی کمشنر کی نااہلی کو فوری نوٹس لیکر ذمہ داران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔