سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار این اے 71 ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ ایسے جعلی اور جھوٹے انتخابی نتائج کو کسی صورت تسلیم نہیں کروں گی جس میں ووٹرز کا مینڈیٹ چرایا گیا ہو، میں پوری قانونی جنگ لڑوں گی، الیکشن کمشن سمیت ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائوں گی۔ مجھے پورا یقین ہے جیسے پہلے عدالتی جنگ میں مجھے انصاف ملا اس بار بھی ملے گا۔ یہ میرا انفرادی معاملہ نہیں ہے، یہ ڈیڑھ لاکھ ووٹرز کی حق تلفی کا معاملہ ہے، اس جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گی۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے آر او آفس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماں باہر نکل آئی ہے، میرے 65ہزار ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ میرے پاس پکے ثبوت ہیں، میرے پاس 353 پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 موجود ہیں۔ میں ہائی کورٹ ، سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائوں گی۔ مجھے اپنی عدلیہ پر پورا یقین ہے مجھے انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا خواجہ آصف اور آر او نے مل کر میرے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ میرے پاس 353 پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ ہے ان میں سے ایک میں بھی میں نہیں ہاری تھی، پانچ پولنگ سٹیشن کا رزلٹ بس باقی تھا اتنی لیڈ کیسے ہوسکتی ہے۔