ن لیگ نے آ زاد امیدواروں سے رابطوں کیلئے کمیٹی قائم کردی

Feb 10, 2024 | 17:10

پاکستان مسلم لیگ نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطوں کیلئے کمیٹی قائم کردی ،کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی بنائی گئی کمیٹی آزاد اراکین سے رابطے کرے گی اور انہیں مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دی جائیگی اور آئندہ حکومت سازی کے عمل میں انہیں شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی جائیگی۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں نتائج آنے کے بعد وفاق سمیت پنجاب میں حکومت سازی کیلئے باقاعدہ سے کوششیں شروع کر دی ہیں اور پارٹی قائدو سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اپنی سرگرمیاں تیز کر کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں شہباز شریف نے جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان وفاق سمیت پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں مشترکہ حکومت بنانے سمیت دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے جبکہ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو باقاعدہ ملاقات کی دعوت بھی دیدی ہے۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور وفاق میں حکومت سازی کے عمل بارے مشاورت کی ۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے گزشتہ روز اپنی تقریر میں عام انتخابات میں سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا اورصدر ن لیگ شہبازشریف کو سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقاتوں کا ٹاسک دیا تھا۔

مزیدخبریں