لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کی کامیابی اور فارم 47 کا نتیجہ چلینچ کردیا گیا۔تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں ریٹرنگ افسر، الیکشن کمیشن،خواجہ آصف سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ ایڈوکیٹ سلمان خان نیازی نے درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ خواجہ آصف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، خواجہ آصف نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، ریٹرنگ افسر نے مبینہ طور پر خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا۔ فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے، عدالت الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت دوبارہ گنتی کا حکم دے اور فارم 47 کا نتیجہ کلعدم قرار دے۔ خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سیالکوٹ کے بڑے ٹاکر ے میں خواجہ آصف نے ریحانہ ڈار کو شکست دیدی ،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 71میں خواجہ آصف نے ایک لاکھ18ہزار ووٹ لئے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ امیتاز ڈار کو1لاکھ 2ہزار ووٹ ملے ۔این اے 71 میں کل پولنگ سٹیشنز کی تعداد358تھی جبکہ انتخابی حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد577281 تھی جس میں مرد ووٹرزکی تعداد305`133اور خواتین ووٹرز کی تعداد272`148 تھی۔ این اے 71میں251`371 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ووٹوں کی شرح 43.54 رہی۔خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے بعد انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اس الیکشن میں کئی نامور سیاستدانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔