شہباز شریف کی آصف علی زرداری سے خصوصی ملاقات ،خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ

عام انتخابات کے حتمی نتائج آنے کے دوران سیاسی رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے ،پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے خصوصی ملاقات کی۔دونوں رہنماوٴں کی ملاقات نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے گھر میں ہوئی، ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے ملاقات میں آصف علی زرداری کو قائد ن لیگ نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا ۔دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان عام انتخابات کے بعد یہ پہلا باضابطہ رابطہ تھا۔شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں انتخابات کے نتائج اور اس کے بعد کی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی جبکہ دونوں رہنماﺅں نے اس ملاقات حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کا مل کر ساتھ چلنے اور حکومت سازی کیلئے رابطہ اور ملاقاتیں جاری کرنے پر اتفاق ہوا۔صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے نوازشریف کی جانب سے مخلوط حکومت بنانے کیلئے سیاسی رہنماوٴں سے مذاکرات کا ٹاسک ملنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔صدر ن لیگ شہباز شریف نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے کنوینئر خالد مقبول سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خالد مقبول کو ملاقات کیلئے لاہور آنے کی دعوت دی۔ یہ بھی بتایاگیا ہے کہ آصف علی زرداری شہبازشریف سے ملاقات کے بعد اسلا م آباد روانہ ہوگئے جہاں ان آج اہم سیاسی رہنماﺅں سمیت آزاد امیدواروں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز عام انتخابات کے نتائج موصول ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں تمام جماعتوں کو ملکر حکومت بنانے کی پیشکش کی تھی۔ نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کرابھری ہے، ہمارا فرض بنتا ہے ملک کو بھنور سے نکالا جائے، سب کو دعوت دیتے ہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھو، آپ جانتے ہیں کس نے ملک کیلئے کیا کیا ہے، آپ کومعلوم ہے کہ (ن) لیگ کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے۔سابق وزیراعظم اپنے خطاب میں مزید کہاتھا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آوٴ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔ 

قائد ن لیگ نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہبازشریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن