لاہور ہائیکورٹ نےصدر آصف زرداری کے دوعہدوں سے متعلق کیس کی سماعت انیس جنوری تک ملتوی کردی، چیف جسٹس اعجازاحمد چوہدری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ مقدمے کا فیصلہ جلد سنایا جائے گا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالتی معاون عابد حسن منٹو نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی سیاسی شخصیت اگر صدر کے عہدے پر فائز ہوجائے تو اس سے یہی توقع کی جاتی ہے کہ وہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لے۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ ڈیرھ برس سے زیر التوا ہے جس کا فیصلہ ہوجانا چاہیئے۔ چیف جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مقدمے کا فیصلہ جلد سنایا جائے گا۔ عدالت عالیہ نے مقدمے کی سماعت انیس جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگرپہلے ہی اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں جبکہ عدالتی معاون عابد حسن منٹو کے دلائل جاری ہیں۔مقدمے میں صدر زرداری اور وفاق کی جانب سے وکیل پیش نہیں ہورہے جس پر لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی معاونین مقرر کیے ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن