نارووال (نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس ضلع نارووال کے زیراہتمام ”استحکام پاکستان سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری احسن اقبال ایم این اے نے کہا ہے کہ جن قوموں نے تعلیم کے میدان میں ترقی کی ہے آج وہ دنیا پر راج کر رہے ہیں۔ ڈالروں کے عوض پاکستان کے بیٹوں اور بیٹیوں کا خون بیچنے والا مشرف آج پھر پاکستان کی ”خدمت“ کرنے کےلئے واپس آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب ختم کی گئی تو اس وقت پاکستان کا کل قرضہ دو کھرب سے کچھ کم تھا‘ مشرف کا اقتدار ختم ہوا تو اس وقت پاکستان ساڑھے پانچ کھرب کا مقروض تھا اور موجودہ جمہوری حکومت کے چار سالہ دور میں پاکستان 11 کھرب جبکہ ہر پاکستانی 60 ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے‘ پاکستان کے استحکام کے لئے قوم کو ووٹ کے ذریعے ایسی تبدیلی لانا ہوگی جس کا خواب حضرت علامہ اقبالؒ اور حضرت قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے دیکھا تھا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث رہنما علامہ رانا محمد شفیق پسروری نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث نے پاکستان کے قیام کےلئے قربانیاں دی ہیں۔ جمعیت اہلحدیث نے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ اقتدار کےلئے نہیں بلکہ صرف اور صرف ملکی استحکام کے لئے دیا ہے۔ سابق تحصیل ناظم خواجہ وسیم بٹ نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ ”لا الہ الا اللہ“ پر رکھی گئی‘ آج کلمہ طیبہ اور پاکستان کو بچانے کی اشد ضرورت ہے۔ سیمینار کی صدارت مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع نارووال کے امیر حافظ عبدالمجید بٹ نے کی۔