چک ہیگل اور جان برینن کی نامزدگی سے اوباما نے خود پر تنقید کے دروازے کھول لئے : میڈیا رپورٹ

Jan 10, 2013


 واشنگٹن(آن لائن)امریکی صدر بارک اوباما نے سابق سینیٹرچک ہیگل کو وزیر دفاع اور انسداد دہشت گردی کے مشیر جان برینن کو سی آئی اے کا سربراہ نامزد کرکے خود پر تنقید کے نئے دروازے کھول لئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر بارک اوباما نے سابق ری پبلکن سینیٹر چک ہیگل کو وزیر دفاع کے لیے نامزد کیا تو ان کے انتخاب پر انگلیاں اٹھنے لگیں۔ چک ہیگل عراق جنگ کے مخالف رہے ہیں وہ ایران سے براہ راست بات چیت کے حامی ہیں اور اسرائیل پر حماس سے مذاکرات کیلئے زور دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بھی مخالف ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر انھیں ری پبلکن جماعت ناپسند کرتی ہے۔دوسری جانب سی آئی اے کی سربراہی کیلئے نامزد جان برینن کو بھی مخالفت کا سامنا ہے۔ جان برینن پاکستان، یمن اور صومالیہ میں ڈرون حملوں کے فیصلوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ سابق صدر بش کے دور میں دہشت گردی کے ملزموں سے معلومات کے حصول کیلئے پر تشدد طریقوں کے بھی وہ حامی رہے ہیں جس کی وجہ سے انسانی حقوق کی تنظیموں کو ان کی نامزدگی پر تحفظات ہیں۔صدر بارک اوباما کے نامزد کردہ دونوں افراد کو امریکی سینیٹ میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم امکان ہے کہ سینیٹ ان کی منظوری دے دے گی۔

مزیدخبریں