لاکھوں کی وارداتیں‘ ڈاکوﺅں نے مزاحمت پر طالبعلم اور تاجر کو مار ڈالا

Jan 10, 2013

لاہور (اپنے نمائندے سے+ نامہ نگار) فیکٹری ایریا میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے طالب علم کو گھر کے قریب گولی مار کر قتل کر دیا جبکہ دیگر وارداتوں میں ڈاکوﺅں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا جبکہ مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے بیکری ملازم کو بھی گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملت روڈ کا رہائشی میٹرک کا طالب علم ارسلان اکیڈمی سے پڑھ کر گھر واپس آ رہا تھا کہ گھر کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے اسے روک کر موبائل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ ارسلان کے قتل پر گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ ڈیفنس اے سی بلاک فیز ون کے رہائشی شاہد حسین کے گھر سے دو ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 16لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات چھین کر فرار ہو گئے۔ ٹاﺅن شپ 628اے بلاک جوہر ٹاﺅن ریاض اور اس کی فیملی سے 3لاکھ، شالیمار کالج روڈ پر نصراللہ سے ایک لاکھ ستر ہزار، وحدت کالونی الحمد کالونی میں وقاص زاہد سے نوے ہزار، سرور روڈ کے علاقہ میں صغیر الحسن سرور روڈ پر آفس سے گھر جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے سائیڈ کے شیشے کو ٹکر مار دی جب اس نے شیشہ کھول کر موٹر سائیکل سوار سے بات کرنے کی کوشش کی تو اس نے پسٹل کے زور پر 55 ہزار کا بلیک بیری موبائل اے ٹی ایم کارڈ اور 15ہزار نقدی چھین لیا۔ گلبرگ قذافی سٹیڈیم کے قریب صحافی آفتاب احمد تابی سے دو ڈاکوﺅں نے 50ہزار نقدی اور دو موبائل، شاہد راجہ کالونی میں اشفاق سے 30ہزار، مغل پورہ انڈر پاس کے قریب فرخ شہزاد سے پچاس ہزار، جوہر ٹاﺅن، ڈی بلاک فیملی ہسپتال کے قریب طاہر اسلم سے 60ہزار، ستوکتلہ خیابان جناح میں طارق سے 60ہزار، کاہنہ میں جہانزیب علی سے 35ہزار، کوٹ لکھپت عوامی کالونی میں شاکر علی سے 45ہزار کی نقدی، موٹر سائیکلیں، زیورات اور موبائل فون چھین لئے گئے جبکہ ڈیفنس بی ایم بلاک 255 کے رہائشی ناصر کے گھر سے 14لاکھ، شاہدرہ ٹاﺅن مدینہ مارکیٹ میں واقع اختر علی کی دکان سے چار لاکھ مالیت کی تین مشینیں، ستوکتلہ کے رہائشی امجد پرویز ایڈووکیٹ کے گھر سے 3لاکھ اور جنوبی چھاﺅنی میں واقع نوید کے کارخانے سے ڈیڑھ لاکھ مالیت کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاءچوری کر لی گئیں جبکہ اسلام پورہ سے سہیل، نواب ٹاﺅن سے خلیل نواز، نواں کوٹ سے عمران، گلشن راوی سے حافظ خرم، ساندہ سے اعجاز، سبزہ زار سے شیراز، برکی سے اشرف، فیکٹری ایریا سے بلال، بادامی باغ سے افتخار کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ تھانہ شالیمار کے علاقے میں دو ڈاکوﺅں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر بیکری کے ملازم آصف کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ اہل علاقہ نے ایک ڈاکو کو اپنی مدد آپ کے تحت اسلحہ سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔علاوہ ازیں رات گئے سمن آباد کے علاقے مسلم ٹاﺅن میں سٹیشنری کے تاجر طارق بھٹی کو دو نامعلوم ڈاکوﺅں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔  

مزیدخبریں